بلوچستان: بارشیں و ژالہ باری، نشیبی علاقے زیر آب، دو نوجوان جانبحق

208

بلوچستان میں مغربی ہوائیں داخل ہونے کے بعد بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔

کوئٹہ سمیت بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے کبھی تیز اور کبھی ہلکی بارش ہورہی ہے۔ دوسری جانب واشک، خضدار، سوراب، قلات ، مستونگ، نوشکی، بولان اور پشین میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، نوشکی،کولپور اور مستونگ میں ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا جب کہ سوراب کے علاقے تنک میں باغ میں بیٹھے نوجوانوں پر آسمانی بجلی گرگئی جس سے 2 نوجوان فرید احمد اور جابر احمد موقع پر جان بحق ہوگئے جب کہ ایک نوجوان اعجاز احمد زخمی ہوگیا۔

آج ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لسبیلہ، قلات، خضدار، زیارت، کوہلو، بارکھان، مسلم باغ، تربت، ہرنائی، کوہلو، نصیر آباد، جعفرآباد، چاغی، پنجگور، گوادر اور کیچ میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان ہے جس سے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے ۔

تمپ میں گذشتہ رات طوفانی بارش کے سبب آج صبح نہنگ ندی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، سیلابی ریلے کے بہاﺅ زیادہ ہونے کے باعث نہنگ پل رودبن کے مقام پر آمدورفت شدید متاثر ہوگئی، علاوہ ازیں تمپ، مند کا زمینی رابطہ ضلع کیچ سے منقطع ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق میرآباد کی کچھ خواتین اور مرد جو کہ لکڑیاں کاٹنے جنگل گئے تھےنہنگ ندی کی پانی آنے سے ندی کے درمیان پھنس گئے۔