ایران کے شہر اصفہان میں دھماکوں کی اطلاعات کے بعد ایئر ڈیفنس سسٹم فعال

282

ایران کے شہر اصفہان میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی ‘فارس نیوز’ نے اصفہان شہر میں دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔ تاہم تہران حکومت نے فوری طور پر دھماکوں کی اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق دھماکوں کی اطلاعات کے بعد ایرانی فوج نے ایئر ڈیفنس سسٹم کو فعال کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ اصفہان شہر ایران کے دارالحکومت تہران سے تقریباً 350 کلومیٹر (215 میل) جنوب میں ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ایران کے یورینیم افزودگی پروگرام کے مرکز ‘نطنز’ سمیت کئی ایرانی جوہری مقامات اصفہان شہر میں واقع ہیں۔

ایران کی طرف آنے والی کئی پروازوں کا رخ تبدیل

خبر رساں ادارے ‘ایسو سی ایٹڈ پریس’ کے مطابق تجارتی پروازوں نے جمعہ کی صبح بغیر کسی وضاحت کے مغربی ایران کی طرف اپنا رخ موڑنا شروع کر دیا ہے۔

دبئی میں قائم کیریئر ایمریٹس اور فلائی دبئی نے مقامی وقت کے مطابق صبح 4:30 بجے کے قریب مغربی ایران کا رخ موڑنا شروع کیا تھا۔ انہوں نے پروازوں کا رخ تبدیل کرنے سے متعلق کوئی وضاحت پیش نہیں کی ہے۔

اسرائیل نے ایران میں ایک مقام پر میزائل داغے ہیں، اے بی سی نیوز

امریکی نشریاتی ادارے ‘اے بی سی نیوز’ نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران میں ایک مقام پر میزائل داغے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکی میڈیا رپورٹس پر ‘فی الحال’ کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔

امریکی میڈیا رپورٹس میں ایران کے نشانہ بنائے گئے کسی مقام کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔ البتہ ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی ‘فارس نیوز’ نے ایرانی شہر اصفہان کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔

تہران حکومت نے فوری طور پر دھماکوں کی اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے بھی کہا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر میزائل داغنے کی تصدیق آزادانہ طور پر نہیں کر سکا ہے۔

جوہری تنصیبات پر حملہ ہوا تو اسرائیل کو بھی وہی جواب ملے گا: ایران

پاسداران انقلاب کے ایک سینئر جنرل نے جمعرات کو دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تو وہ بھی اسرائیل کی نیوکلیئر سائٹس کو نشانہ بنائیں گے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے جوہری تحفظ اور سلامتی کے سربراہ حق طلب نے کہا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر کسی بھی حملے کا یقینی طور پر جواب دیا جائے گا۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے حق طلب کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر اسرائیل ہمارے جوہری مراکز اور تنصیبات پر حملہ کرنا چاہتا ہے تو اسے بھی یقیناً ہمارے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جس میں اسرائیلی جوہری تنصیبات کو جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جائے گا۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے جوہری تحفظ اور سلامتی کے سربراہ، جنرل حق طلب کا کہنا ہے کہ مقررہ اہداف کی مکمل تباہی کے لیے ہمارے ہاتھ طاقت ور میزائلوں کے بٹن پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کا خطرہ، تہران کو اپنی جوہری پالیسیوں اور تحفظات پر نظرثانی اور ان سے انحراف پر مجبور کر سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی۔