کمشنر مکران سعید احمد عمرانی کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس کمشنر کمشنر آفس تربت کے مقام پر منعقد ہوا ۔
اس دوران اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پنجگور، ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی (آن لائن)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ منور حسین مگسی ، ڈی آئی جی مکران مسرور عالم (آن لائن)، ڈی پی او گوادر ظہیب محسن (آن لائن)، ڈی پی او پنجگور سید فاضل شاہ بخاری ( آن لائن )، ڈی ایس پی کیچ چاکر خان، ایکسیئن پی ایچ ای کیچ حاجی خالد ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر ، پی پی ایچ آئی کے ڈاکٹر منیر ، ڈاکٹر عزیز بلوچ، واپڈا ،ایف سی کے نمائندے سمیت زیارت کمیٹی کے ارکان اور معتبرین بھی شامل تھے ۔
اس دوران اجلاس میں مکران ڈویژن میں امن وامان کی کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمشنر مکران نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اپنے حدود میں سیکیورٹی کے فول پروف بندوست کریں اور موٹر وے پولیس کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے چیک پوسٹوں پر سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کریں تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
دریں اثناء اجلاس میں زکری کمیونٹی کے زائرین کو ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے تربت شہر میں زیارت کے مناسب انتظامات کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے اہم سیکورٹی زون میں بی ایل اے کے مجید برگیڈ کے آٹھ فدائین نے حملہ کیا جس میں پچیس کے قریب پاکستانی خفیہ اداروں آئی ایس آئی اور ایم آئی سمیت فورسز اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی ۔ اس واقعہ کے بعد گوادر سمیت بلوچستان بھر میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ناکہ بندی اور چیکنگ سخت کیے گئے ہیں۔