کیچ: جبری گمشدگیوں کیخلاف تین مختلف مقامات پر احتجاج اور شاہراہیں بند

253

آج کیچ میں تین مقامات کے علاوہ گوادر میں کارواٹ زیروپوائنٹ بھی احتجاجاً بند کیا گیا ہے۔

اطلاع کے مطابق اتوار کو سحری کے وقت سیکیورٹی فورسز نے ہوشاپ سربازی بازار میں امیر بخش سربازی کے گھر کا محاصرہ کیا، اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ فورسز کے اہلکاروں نے تین نوجوانوں کو وارنٹ کے بغیر جبری لاپتہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم خواتین اور بچوں کی مزاحمت کے سبب کسی کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

اہل خانہ نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خواتین اور بچوں پر تشدد کیا اور گھروں میں سامان توڑ ڈالے۔ ان کے مطابق ہم نے گھروں میں چھاپہ کے سرچ وارنٹ کا مطالبہ کیا تو ہم پر تشدد کیا گیا اور چادر و چار دیواری کی پامالی کی گئی۔

واقعہ کے خلاف خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے ہوشاپ سربازی کے مقام پر روڈ بلاک کردیا ہے جس کے باعث ٹریفک معطل ہے۔

یاد رہے کہ آج ضلع کیچ میں تین مختلف مقامات پر احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کردیا گیا ہے۔

ہوشاپ ایم ایٹ کے علاوہ تجابان کرکی میں سی پیک کو لاپتہ خداداد سراج کی جبری گمشدگی اور گزشتہ شب آسکانی بازار آپسر میں شعیب اور بالاچ نامی دو نوجوانوں کی جبری گمشدگی کے خلاف تربت میں آپ درک ڈاکی بازار کے مقام پر بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ کوسٹل ہائی وے پر بھی کارواٹ زیرو پوائنٹ کو لاپتہ لالا رفیق اور زاکر عبدالرزاق کی بازیابی کے لیے بلاک کرکے احتجاج کیا جارہا ہے۔