کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں ایک مرتبہ پھر بارش اور برفباری شروع

409
قلات میں حالیہ دنوں ہونے والی برفباری کا منظر

بارش برسانے والی مغربی ہواؤں کا نیا اسپیل بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری شروع ہوگئی، محکمہ موسمیات نے بدھ کو صوبے کے 18 اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔

بلوچستان میں منگل کی دوپہر سے بارشوں کے نئے اسپیل کا آغاز ہوا جس کے بعد وادی کوئٹہ میں ہلکی بارش کا سلسلہ رات تک وقفے وقفے سے جاری رہا جبکہ وادی زیارت و ملحقہ علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا، لگاتار برفباری کے بعد ہر شے نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

گوادر اور پنجگور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی، صوبے میں سب سے زیادہ بارش پنجگور میں 1 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، مختلف علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بدھ کو کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبد اللہ، زیارت، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، قلات، خضدار، چاغی، پنجگور، تربت، واشک، دالبندین، خاران، گوادر، جیوانی اور پسنی سمیت کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کردیا ہے۔

دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافے کے باوجود گیس کی سپلائی مکمل بند ہونے سے شہریوں اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔