پسنی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج پر نازیبا الفاظ کا استعمال، مشتعل خواتین نے کوسٹل ہائی وے بلاک کردیا
پسنی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے کے خلاف خواتین سراپا احتجاج ہوگئیں۔ اسسٹنٹ کمشنر آفس کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کر کے مین روڈ بلاک کر دیا، احتجاج کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔
خواتین کی جانب سے کیسکو اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کیسکو کی طرف بجلی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ آٹھ سے بڑھا تیرہ گھنٹہ کر دیا گیا ہے جس کے باعث پسنی کے رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہیں-
پسنی خواتین مظاہرین کے مطابق وہ جب بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کر رہے تھے تو ان پر انتظامیہ کی جانب سے نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے جس کے ردعمل میں انھوں نے کوسٹل ہائی وے کو بند کر دیا-
شاہراہ بند ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور مکران کا کراچی سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔