قوم پرست جماعتوں سے پوچھیں گے کہ کیا بشیر زیب بلوچ ان کے ڈائیلاگ سے واپس آجائے گا – وزیراعلیٰ بلوچستان

1829

ہم ان قوم پرست جماعتوں سے تجاویز طلب کریں گے جو یہ کہتی رہی ہیں کہ بلوچستان کا مسئلہ تشدد سے حل نہیں ہو گا اور مذاکرات اور ڈائیلاگ ہونے چاہئیں، ہم ان سے پوچھیں کہ کیا وہ بشیر زیب سے ڈائیلاگ کرنا چاہتے ہیں، کیا بشیر زیب ان کے ڈائیلاگ سے واپس آ جائے گا، کیا وہ اللہ نذر بلوچ، براہمداغ بگٹی و حیربیار کے ساتھ ڈائیلاگ کرنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ڈان نیوز کے پروگرام ’لائیو ود عادل شاہ زیب‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ قومی دھارے میں شامل ہونے کی صرف ایک شرط ہے کہ ہتھیار پھینکنا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان میں دہشت گردی کی جو تعریف کی گئی ہے اس میں مذہب کے نام پر تشدد کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے اور دوسروں کو آپ نے ناراض بلوچوں کا نام دے دیا ہے، یہی نام تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر دیا ہے تو میں سرفراز بگٹی اس سے ہٹ تو نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان ناراض بلوچوں کو موقع دینا چاہتے ہیں کہ آئیں اور قومی دھارے میں شامل ہوں، پرامن بلوچستان کی پالیسی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے وقت میں بنی تھی، اس میں بہت سارے لوگوں نے سرنڈر کیا تھا جن کا ریاست نے خیال کیا تھا اور حال ہی میں سرفراز بنگلزئی نے خود سرنڈر کیا۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ وہاں ملٹری اسٹیبلشمنٹ بھی اسٹیک ہولڈر ہے تو کیا ان کو آن بورڈ لیا گیا کیونکہ وہاں لڑائی وہی لڑ رہے ہیں اور وہ بھی چاہتے ہیں کہ ان سے بات کی جائے تو اس پر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ یہ لڑائی بے شک ملٹری لڑ رہی ہے لیکن یہ لڑائی اکیلے ملٹری کی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں ملٹری اسٹیبلشمنٹ یقیناً سب سے اہم اسٹیک ہولڈر ہے اور انہیں اس شورش کے بارے میں جو کچھ معلوم ہے وہ کسی سیاستدان کو نہیں معلوم، وہ اس پر بالکل آن بورڈ ہیں کہ عام معافی کا اعلان ہونا چاہیے اور جو لوگ ہتھیار پھینک کر اور تشدد ترک کر کے آنا چاہتے ہیں ان کے لیے ریاست نے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔

معاملے میں پیشرفت کے حوالے سے سوال پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کابینہ کی تشکیل کے بعد ہم پارلیمانی کمیٹی بنا کر پہلے خود عرق ریزی کریں گے اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب سے پہلے ان قوم پرست جماعتوں سے تجاویز طلب کریں گے جو یہ کہتی رہی ہیں کہ بلوچستان کا مسئلہ تشدد سے حل نہیں ہو گا اور مذاکرات اور ڈائیلاگ ہونے چاہئیں، ہم ان سے پوچھیں کہ کیا وہ بشیر زیب سے ڈائیلاگ کرنا چاہتے ہیں، کیا بشیر زیب ان کے ڈائیلاگ سے واپس آ جائے گا، کیا وہ اللہ نذر بلوچ، براہمداغ بگٹی، حرب یار مری کے ساتھ ڈائیلاگ کرنا چاہتے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم قوم پرست جماعتوں سے پوچھیں گے وہ یہ مذاکرات کس طریقے سے کریں گے، اس کا فریم ورک کیا ہو گا، صرف سیاسی بیان بازی کرنا کہ مذاکرات ہونے چاہئیں تو اس سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، اہم بات یہ ہے کہ کس سے مذاکرات کریں اور کن شرائط پر کریں۔