سیو اسٹوڈنٹس فیوچر ، بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی میں ضم

129

سیو اسٹوڈنٹس فیوچر نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ تنظیم نے گزشتہ پانچ سال سے زائد عرصہ سے بلوچستان کے شہر خضدار میں علمی و تعلیمی سرگرمیوں میں سرگرم رہی ہے جس کے تحت مختلف تعلیمی تقاریب، کیرئر کونسلنگ، کتاب میلے و دیگر تعلیمی سرگرمیوں کا انعقاد کرنا شامل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایس ایف کو بنانے کا مقصد خضدار شہر میں تعلیمی ماحول کو اجاگر کرنا، طلبہ کے مسائل حل کرنا اور شہر کے اندر ایک تعلیمی ماحول کو پروان چڑھانا تھا۔ جو کہ گزشتہ دورانیہ میں سرانجام دینے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔ اس دورانیہ میں کئی مشکلات اور سختیوں کے باجود ایک تعلیمی پلیٹ فارم کی حیثیت سے بلوچ طلبہ کی رہنمائی کرتے آ رہے ہیں لیکن اب اس جدوجہد کو مزید منظم کرنے کیلئے بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی و سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کی مرکزی قیادت کی مشاورت اور مشترکہ فیصلہ کے تحت اس پلیٹ فارم کو تنظیمی کاروان کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خضدار اور گردونواح میں سرگرم ایکٹیو طلبہ کے ساتھ ایس ایس ایف کو بلوچستان کی سب سے متحرک اور بڑی طلبہ تنظیم بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی میں ضم کرنے کا بنیادی مقصد طلباء کو مزید تعلیم اور سیاسی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ تنظیم بلوچستان میں واحد طلبہ ادارہ ہے جو حقیقی معنوں میں بلوچ طلبہ کے حقوق اور ان کی سیاسی تربیت پر کام کررہی ہے جس میں کتاب کلچر، ادبی و سیاسی تقاریب، طلباء کے حق میں مہم، بلوچ لٹریسی کیمپئن پر مہم سمیت دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں اپنے بڑے قومی طلباء اداروں میں شامل ہوکر قومی حوالے سے اپنے نوجوانوں کو متحد کرکے جدوجہد کرنا چاہیے اور معاشرے میں بطور شعوریافتہ طلباء اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اتحاد اپنی مقصد تک پہنچنے کا موثر ترین ذرایعہ ہے جسے اپنا کر ہمیں بلوچ طلباء کے لئے جدوجہد کرنا ہے، اسی متحد ہونے کی فلسفے پر چل کر ہم نے ایس ایس ایف کو تنظیم میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہی محو سفر کاروان ہمیں اپنی منزلِ مقصد تک پہنچائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے یہ فیصلہ بلوچ قومی سوچ کے تحت کیا ہے اور خضدار سمیت بلوچستان کے تمام طلباء سے درخواست کرتے ہیں کہ آئیں بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے متحد ہوکر اپنے حقوق و قومی زمہ داریوں کو شعوری بنیادوں پر سمجھ کر قومی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ آج کے بعد ایس ایس ایف کا کوئی الگ اسٹرکچر نہیں ہوگا بلکہ اس پلیٹ فارم کو ختم کرکے بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی میں شامل کررہے ہیں۔ ہم تنظیم کو خضدار میں فعال کرکے یہاں علمی تقاریب، کتب میلے، ادبی پروگرامز کے انعقاد سے علمی و سیاسی ماحول پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔