سرفراز بگٹی وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے

301

پاکستان پیپلزپارٹی کےنامزد کردہ امیدوار میر سرفراز بگٹی بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے سرفراز بگٹی نے 41 ووٹ حاصل کیے۔ وزیر اعلیٰ کے لئے 33 ووٹ درکار تھے۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبد الخالق اچکزئی نے صحافیوں سے بات چیت کر تے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لئے جمعہ کو نو بجے سے شام پانچ بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے تھے۔

مقررہ وقت تک پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی سرفراز بگٹی نے وزارت اعلیٰ کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے اس کے علاوہ کسی بھی دوسرے امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔

کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد سرفراز بگٹی کے کاغذات درست قرار دیئے گئے اسی طرح سرفراز بگٹی بلوچستان کے بلامقابلہ وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ سرفراز بگٹی اس سے قبل سینیٹر اور نگراں وزیر داخلہ رہے ہیں، اور الیکشن سے کچھ دن قبل وہ نگراں وزیر داخلہ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے اور پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔

سرفراز بگٹی کےبارے میں بلوچ حلقوں کا کہنا ہے کہ سرفراز بگٹی پاکستان کے عسکری قیادت و اسٹیبلشمنٹ کے قریبی ہیں جبکہ سرفراز بگٹی کے وزیر اعلیٰ ہونے پر یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بلوچستان میں جاری بلوچ نسل کشی اور فوجی کاروائیوں میں اضافہ ہوگا۔