خضدار: فدائی شوکت حکیم گنگو کے والد پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ

840

بلوچستان کے ضلع خضدار میں گذشتہ رات پاکستانی فوج نے چھاپہ مارکر بی ایل اے مجید برگیڈ گوادر حملے کے کمانڈر شوکت حکیم گنگو کے والد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات خضدار کے علاقے گزگی میں پاکستانی فوج نے چھاپہ مارکر عبدالحکیم نامی شخص کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔ عبدالحکیم گذشتہ روز گوادر حملے میں شامل فدائی شوکت حکیم کے والد ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز دوپہر ساڑھے تین بجے کے قریب بلوچ لبریشن آرمی کے فدائین یونٹ مجید بریگیڈ کے آٹھ فدائین نے گوادر میں پاکستانی خفیہ اداروں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کیا۔

بی ایل اے ترجمان کے مطابق مجید بریگیڈ کے آٹھ فدائین بابر ناصر عرف سہیل، کامریڈ صوالی عرف میرین، مسلم مہر عرف سالار، کریم جان عرف زوران، شوکت حکیم عرف سفر خان، مروان عرف محراب، خدا دوست عرف اسد اور ریاض الہیٰ عرف جنگی خان نے حصہ لیا۔

بی ایل اے کے مطابق اس آپریشن کو کمانڈ شہید فدائی شوکت حکیم گنگو عرف سفر خان ولد عبدالحکیم نے کی ہے۔ جبکہ گذشتہ بی ایل اے کی جانب سے فدائین کی شناخت ظاہر کرنے کے بعد پاکستان فورسز نے گھر پر چھاپہ مارکر شوکت حکیم کے والد کو جبری گمشدگی کا شکار بناکر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔