بلوچستان حادثات اور واقعات میں 6 افراد جانبحق، لاش برآمد

142

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر 6 افراد جان کی بازی ہارگئے، ایک شخص کی لاش برآمد

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے زرغون آباد کے قریب سرہ خلہ ڈیم میں باپ دو بچوں سمیت ڈوب کر جان کی بازی ہارگیا ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں کو ڈیم سے نکال کر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا۔

اطلاعات کے مطابق پندرہ سالہ محمد عالم نامی بچہ ڈیم میں نہاتے ہوئے پانی میں ڈوب گیا، جس کو بچانے کیلئے 14سالہ بہن رحیمہ بی بی اور ان کے والد 38سالہ محمد حسن بھی ڈیم میں کود گئے، پولیس کے مطابق بچے کو بچاتے ہوئے بہن اور باپ دونوں خود بھی ڈیم کے پانی میں ڈوب گئے، اس طرح تینوں کی موت ہوگئی۔

ادھر کوہلو سے اطلاعات کے مطابق لاسی زئی ایریا میں ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد جسے شناخت کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مذکورہ شخص کے پہاڑی سے گر کر جاں بحق ہونے کا شبہ ہے۔

دوسری جانب نصیر آباد ڈویژن میں مختلف واقعات میں تین افراد قتل ہوئے۔

پہلا واقعہ گوٹھ علی شیر جھرانی میں ہوا جہاں سیاہ کاری کے الزم میں ملزم غلام ربانی نے اپنی بیوی مسماة (ح) اور کرم علی جکھرانی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

اطلاع ملتے ہی تھانہ میر حسن پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کرکے اور ملزم کی تلاش شروع کردی۔

دوسرا واقعہ سٹی تھانہ اوستہ محمد کے قریب جمالی پیٹرول پمپ کے ساتھ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے نوجوان آدم خان بروہی کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے، واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے، مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔