اسلام آباد: صحافی اسد طور ضمانت پر رہا

246

پاکستانی فوج و سیکورٹی اداروں کے خلاف مہم چلانے کے الزام میں گرفتار پاکستانی صحافی اسد طور کو رہا کردیا گیا ہے-

اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے صحافی اور وی لاگر اسد طور کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

اسد طور کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد  ہمایوں دلاور نے میں ہوئی اسد طور کے وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ کیس کا تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوا۔

جمعے کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپیشل جج سینٹرل کو اسد طور کی درخواست ضمانت پر سماعت کر کے فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا آج عدالت نے اسد طور کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے انہیں 5 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے-

ہائی کورٹ نے ایف آئی اے حکام کو بھی ریکارڈ کے ساتھ سپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا صحافی اسد علی طور کو ایف آئی اے نے اداروں کے خلاف مہم چلانے پر 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔