ہرنائی: تیل و گیس کمپنی کی گاڑی پر دھماکہ، 1 اہلکار ہلاک، 14 زخمی

474
file photo

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں تیل و گیس کمپنی کی گاڑی پر دھماکے کے نتیجے میں کمپنی کا ایک اہلکار ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ زخمیوں میں فورسز اہلکار بھی شامل ہیں۔

دھماکہ ہرنائی کے علاقے وڑیک میں ماڑی پٹرولیم کمپنی کے ٹرک گاڑی پر ہوا جس میں کمپنی کے اہلکاروں سمیت فورسز کے اہلکار سوار تھے۔

دھماکے کے نتیجے میں کمپنی کا ایک اہلکار موقع پر ہلاک جبکہ چودہ افراد زخمی ہوگئے جن میں فورسز کے اہلکار شامل ہیں۔

لیویز فورس نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے جن کو کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں دو فوجی ہیلی کاپٹر فضاء میں دیکھے گئے۔

حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم ماضی میں ہرنائی و اس سے متصل علاقوں میں بلوچ آزادی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی اس نوعیت کے حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے رپورٹ طلب کرلی

ہرنائی دھماکے کی رپورٹ وزیر اعلیٰ بلوچستان، سرفراز بگٹی نے طلب کرلی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہرنائی دھماکے کو قابل مذمت قرار دیا اور ہدایت دی کہ واقعہ میں زخمی تمام افراد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور تحقیقات کے لیے فوری رپورٹس پیش کی جائیں۔