ہدایت لوہار کے قتل خلاف دھرنا پانچویں روز ختم، دوسرے مرحلے میں سندھ بھر میں ریلیوں کا اعلان

195

سندھی قومپرست رہنماء اور وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کی سربراہ سورٹھ لوہار اور سسئی لوہار کے والد ہدایت لوہار کے قتل خلاف دھرنا مسلسل پانچ روز تک جاری رہنے کے بعد گذشتہ شب پریس کانفرنس کے بعد اختتام پر پہنچا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سورٹھ لوہار اور سسئی لوہار نے کہا کہ ہم نے اپنے والد کے قتل کی ایف آئی آر داخل کرنے کے لیئے کورٹ میں پٹیشن دائر کرکے قانونی پراسز کو آگے بڑھایا ہے ، لیکن پاکستانی عدالتوں سے ہمیں انصاف کی کوئی زیادہ امید نہیں ہے، ہماری انصاف کی عدالت ہماری سندھی قوم ہے۔ ہم اپنی فریاد سندھی قوم کے پاس لےجا رہے ہیں ، اس سلسلے میں ہماری جدوجہد کے دوسرے مرحلے میں آج سے سندھ بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کی کال دیتے ہیں جبکہ جدوجہد کے تیسرے مرحلے میں ہم سندھ میں ایک بڑے احتجاج کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری یہ جدوجہد صرف ہمارے بابا کے ریاستی قتل کے خلاف نہیں بلکہ سندھ کے ان تمام مظلوم لوگوں کے ناحق ریاستی قتل ، جبری گمشدگیوں اور ظلم اور بربریت کے خلاف تب تک جاری رہے گی۔ جب تک یہ فاشسٹ پاکستانی ریاست ہماری سرزمین پر فوجی قبضہ قائم رکھ کر اپنی بندوق کے زور پر ہمارے لوگوں پر یہ ظلم جبر اور بربریت کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی فوج نے بابا شہید ہدایت لوہار کو سندھ کی آزادی کی جدوجہد کرنے کی وجہ سے شہید کیا ہے۔ شہید ہدایت لوہار سمیت سندھ کے سارے شہیدوں کا بدلا ہم اپنے وطن کی آزادی کی صورت میں لیں گے۔