کوہلو: گیس کے نئے ذخائر دریافت، یومیہ 64 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوگی

225

ماڑی پیٹرولیم نے بلوچستان کے ضلع کوہلو سے گیس کے ذخائر دریافت کرلی ہے۔

ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس سے یومیہ 64 لاکھ مکعب فٹ تک گیس حاصل ہوگی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ گیس دریافت کرنے کے لیے 2516 میٹر تک کنویں کی کھدائی کی گئی ہے۔

خیال رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیل و گیس سمیت دیگر وسائل پائے جاتے ہیں جبکہ بلوچ سیاسی سماجی حلقوں کی جانب سے وسائل پر اختیارات نہ دینے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا جاتا رہا ہے جبکہ تیل و گیس تلاش کرنے اور نکالنے والی کمپنیاں بلوچ مسلح آزادی پسندوں کے حملوں کے زد میں رہے ہیں۔

بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور پورے پاکستان کو قدرتی گیس مہیا کرنے والا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ سوئی گیس فیلڈ، جو بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں واقع ہے، قدرتی گیس کے وسیع ذخائر رکھتا ہے اور سنہ 1950 سے پاکستان کے آدھے سے زائد گیس کی ضروریات پورا کررہا ہے۔

بلوچ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ گیس پائپ لائنوں کا ایک جدید نظام سوئی گیس فیلڈ کے 87 کنووں سے روزانہ 800 ایم ایم ایس سی ایف گیس ہزاروں میل دور پنجاب سپلائی کرتا ہے۔ لیکن گیس فیلڈ سے محض چند کلومیٹر دور ڈیرہ بگٹی شہر تک قدرتی گیس کے ان ذخائر سے مستفید ہونے سے محروم ہے اور مقامی لوگ ابھی تک گیس کی بنیادی سہولت حاصل نہیں کرسکے ہیں۔

ہر سال بلوچستان کے لوگ گیس کی عدم دستیابی پر سڑکوں پر نکل کر سراپا احتجاج نظر آتے ہیں، اور حزب اختلاف اسمبلیوں میں احتجاج کرتی ہے۔ گذشتہ سال بلوچستان کے ضلع قلات میں شیخڑی کے مقام پر گیس کے ایک ٹریلین مکعب فٹ کے نئے ذخائر دریافت ہوئے۔