پاکستان میں ’ایکس‘ تک رسائی میں مشکلات پر امریکی محکمہ خارجہ کا ردعمل

295

امریکہ کے محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی آزادی دیکھنا چاہتا ہے جہاں ہر ایک پلیٹ فارم پر لوگوں کو ایک دوسرے سے بات کرنے میں مشکلات پیش نہ آئیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا، ’’امریکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹر نیٹ کی آزادی دیکھنا چاہتا ہے۔ جس میں پلیٹ فارمز کی سب کو دستیابی اور لوگوں کی ایک دوسرے سے بات چیت بھی شامل ہے۔‘‘

پاکستان میں ہفتے کے روز سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ کے ڈاؤن ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ صارفین کو ٹوئٹر تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ البتہ حکومت کی جانب سے اس پر اب تک کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔ ‘ایکس’ بند ہونے پر شہریوں اور صحافیوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان میتھیو ملر نے منگل کے روز بریفنگ کے دوران پاکستان کے انتخابی عمل میں مبینہ دھاندلی کے سوال پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پاکستان اپنے قوانین اور طریقہ کار کے تحت شفاف تحقیقات کرے۔

میتھیو ملرنے کہا، ’’تمام الزامات کی پاکستان کے اپنے قوانین اور طریقہ کار کے مطابق شفاف تحقیقات کی جائیں۔ ایک بار پھر، میں پاکستان کے اندرونی معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتا، اور میں اس پر بہت زیادہ یقین رکھتا ہوں کہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔‘‘