مشہور فلم ’دنگل‘ میں ببیتا پھوگٹ کا کردار نبھانے والی کردار چل بسیں

525

بھارتی سپر اسٹار عامر خان کے ساتھ مشہور فلم ’دنگل‘ میں کام کرنے والی اداکارہ 19 سال کی عمر میں چل بسیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سوہانی بھٹناگر نے فلم ’دنگل‘ میں ببیتا پھوگٹ کا کردار نبھایا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سوہانی بھٹناگر کو 7 فروری کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور 16 فروری کو ان کی موت واقع ہو گئی۔

اداکارہ کے اہلِ خانہ نے بتایا ہے کہ ان کی بیٹی (Dermatomyositis) نامی نایاب بیماری میں مبتلا تھی جو جِلد پر خارش اور پٹھوں کی کمزوری کا باعث بنتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سوہانی بھٹناگر کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ 2 ماہ قبل اس بیماری کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جبکہ اداکارہ میں صرف 10 دن پہلے ہی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔

اداکارہ کی والدہ پوجا بھٹناگر نے کہا ہے کہ بیٹی کے ہاتھوں پر تقریباً 2 ماہ قبل ایک سرخ دھبہ بن گیا تھا جس کے بعد ہم نے مختلف اسپتالوں میں ڈاکٹروں سے مشورہ کیا لیکن اس بیماری کی تشخیص نہیں ہو سکی تھی۔

اداکارہ کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی تھی اور آخر میں اس کے پھیپھڑے میں انفیکشن ہو گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹی کو وینٹی لیٹر پر بھی رکھا گیا تھا، پوری دنیا میں صرف 5 سے 6 افراد ایسے ہیں جن میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔