تربت: پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد بازیاب

752

ضلع کیچ کی سب تحصیل ہوشاپ کے گاؤں ڈنڈار سے یوفون ٹاور کی تنصیب کے لیے جانے والے پانچ افراد پر مشتمل ایک ٹیکنیکل ٹیم کو نامعلوم افراد نے 24 جنوری کی شام اغواء کیا تھا۔ مغوی افراد کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب سے تھا جن میں نزیر احمد، محمد طارق، صفدر علی، فاروق اور حسنین شامل تھے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ افراد کو گذشتہ روز بازیاب کیا گیا تاہم اس حوالے سے کوئی اضافی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

ان افراد کو مسلح افراد نے اس وقت اغوا کیا تھا جب وہ سرکاری ٹیلی کام کمپنی یوفون کی ایک نئے ٹاور کی تنصیب کے لیے اس راستے سے ضلع آواران میں جارہے تھے اس کی تصدیق ضلع آواران کے ڈپٹی کمشنر نے بھی کی تھی۔

مغویوں کے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ریحان نامی ان کے ایک دور کے رشتہ دار نے ڈیلی ایگل کیچ سے گفتگو میں ابھی تک ان کے بازیابی یا گھر پہنچنے کی تصدیق نہیں کی، ریحان کے مطابق ہمیں یا ان کے گھر والوں کو سرکاری سطح پر ان کے بازیابی کی اطلاع نہیں ملی ہے۔