بلوچستان فائرنگ: پنجاب کے رہائشی سمیت 3 افراد ہلاک

445

بلوچستان میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں ہندو تاجر و پنجاب کے رہائشی سمیت 3 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا ہے-

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز بلوچستان میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں قلات میں قصاب خانہ روڈ وائن اسٹور پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے مشہور ہندو تاجر لیلا رام ولد کندن داس کو قتل کردیا جبکہ موقع پر موجود انکا پوتا کرتن کمار ولد راجیش کمار زخمی ہوگئے-

واقعہ کے بعد فائرنگ میں ملوث مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے مزید تحقیقات قلات پولیس کررہی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے صنعتی شہر حب مغربی بائی پاس کے قریب پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کے دؤران مزاحمت پر پیٹرول پمپ پر موجود گارڈ 63 سالہ ضعف العمر حیات اللہ ولد لیربہ خان ہلاک ہو گیا-

مقتول کی نعش حب اسپتال منتقل کر دیا گیا تا ہے ہم واقعہ کے حوالے سے پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں مسلح افراد نے دکان پر فائرنگ کرکے کامران ریاض احمد ساکن خانیوال پنجاب کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔

واقعہ کے بعد پولیس اور انتظامیہ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے-