کیچ: پنجاب کے رہائشی 5 افراد اغواء

1095

ضلع کیچ کی سب تحصیل ہوشاپ سے پنجاب کے رہائشی پانچ افراد اغواء کرلیے گئے۔

سرکاری اطلاع کے مطابق بدھ کی شام ضلع کیچ کی سب تحصیل ہوشاپ کے نواحی گاؤں ڈنڈار میں مسلح افراد نے صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو اس وقت اغواء کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جب وہ سرکاری ٹیلی کام کمپنی یوفون کے ایک نئے ٹاور کی تنصیب کے لیے وہاں کام کررہے تھے۔

لیویز ذرائع کے مطابق کیچ واقعہ کی تصدیق کی اور بتایا کہ اغوا کا یہ واقعہ بلوچستان کی شورش سے زیادہ متاثرہ ضلع آواران کے قریب تقریباً 7 کلومیٹر کیچ ضلع کے اندر پیش آیا۔ ان کے مطابق یہ افراد ایک کرولا گاڑی پر اس علاقے میں کام کے لیے گئے تھے۔

مغویوں میں نزیر احمد، محمد طارق، صفدر علی، فاروق اور حسنین شامل ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر تربت نے ڈپٹی کمشنر کیچ کی ہدایت پر لیویز کی ایک ٹیم مذکورہ علاقے کی جانب روانہ کردی ہے۔ تاہم ابھی تک مغویوں کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہوسکی ہے۔