بلوچستان کے ضلع کیچ سے پاکستانی فورسز نے دو افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔
لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کی شناخت حسن ولد آصف اور جاسم ولد محمد بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوانوں کو گذشتہ روز پاکستانی فوج نے تمپ کے علاقے دازن میں گراونڈ سے لوگوں کے سامنے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگی کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر پیش آرہے ہیں اور بلوچستان میں جبری گمشدگیاں ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔
قوم پرستوں کے مطابق اس وقت بلوچستان سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ لاپتہ ہیں جبکہ دوہزار اٹھارہ کو پاکستان کے قومی اسمبلی میں بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے پاکستانی فوج کے ہاتھوں جبری لاپتہ ہونے والے ہزاروں افراد کے کوائف بھی جمع کیے تھے۔
بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کے خلاف ورزی اور بلوچ نسل کشی کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے دھرنا بھی جاری ہے، وہیں بلوچستان بھر سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کے واقعات بھی رپورٹ ہورہے ہیں۔