چمن: فائرنگ سے لیویز اہلکار ہلاک

177

نامعلوم افراد نے لیویز کی گشتی ٹیم کو نشانہ بنایا-

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چمن کے علاقے کلی ٹاکی بائی پاس پر پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے لیویز کی گاڑی پر حملہ کردیا، فائرنگ کے نتیجے میں لیویز اہلکار مارا گیا جبکہ گاڑی میں موجود دیگر اہلکار زخمی ہوگئے ہیں-

لیویز اہلکار بائی پاس روڈ پر گشت کر رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے انکی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ حملے کے بعد مسلح افراد موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے-

زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آورں کی تلاش شروع کردی ہے-

حملے کے محرکات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ تاہم، بلوچستان میں حالیہ مہینوں میں تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں فورسز اہلکاروں پر حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں-

اس سے قبل رواں مہینے دارلحکومت کوئٹہ میں پولیس پر حملوں کے دو واقعات پیش آئے جہاں نامعلوم افراد کے ہاتھوں یونیورسٹی کے سیکورٹی پر مامور محمد افضل نامی اہلکار کو سیٹلائٹ ٹاؤن میں فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا جبکہ اس سے ایک روز قبل مشرقی بائی پاس پر پولیو ٹیم کے سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکار نامعلوم افراد کے فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا-