وڈھ اور خضدار کے صحافیوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ سوراب پریس کلب

122

سوراب پریس کلب کی جانب سے وڈھ اور خضدار کے صحافیوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ علاقے میں کسی بھی سرگرمی کی کوریج ایک صحافی کے پیشہ ورانہ فرائض میں شامل ہوتی ہے ، صحافیوں پر پیشہ ورانہ امور کے انجام دہی کے بنیاد پر ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات کا اندراج آزاد صحافت پر قدغن کے مترادف ہے جس سے صوبہ بھر کے صحافتی حلقوں میں شدید تشویش پھیل گئی ہے اور وہ اپنے ذمہ داریاں نبھانے میں اضطراب کا شکار ہیں۔

سوراب پریس کلب کے اراکین نے وڈھ پریس کلب کے رکن مسعود لہڑی اور خضدار پریس کلب کے ندیم گرگناڑی کے خلاف قائم کیے گئے مقدمات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے صحافیوں کو بے بنیاد الزامات کے زریعے ہراساں کرنے کا سلسلہ ترک کرکے انہیں آزادانہ طریقے سے کام کرنے کا موقع دیا جائے ، خضدار انتظامیہ صحافیوں پر درج مقدمات ختم کرکے بلوچستان بھر کے صحافیوں میں پائے جانے والی تشویش کا ازالہ کیا جائے بصورت دیگر صوبے کے دیگر صحافیوں کے ساتھ مل پریس کلب سوراب کے صحافی احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔