وزیراعظم کا دھمکی آمیز لہجہ ریاست کی غیر سنجیدگی ظاہر کرتی ہے ۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ

603

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماء ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کے آج کے گفتگو پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری تحریک کے آغاز سے ہی ہمارے مطالبات واضح رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی ہر قسم کی خلاف ورزیوں اور بلوچ نسل کشی کا خاتمہ، ہم نے یہ مطالبات میڈیا کے ذریعے ریاست کے سامنے رکھے ہیں۔ ہمارا موقف شروع سے ہی واضح رہا ہے ہم ان مطالبات پر ریاست کے ساتھ مذاکرات چاہتے ہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ دنیا ریاست کی مسلسل غیر ذمہ داری اور ہٹ دھرمی کی گواہ ہے جہاں پرامن مظاہرین کو تشدد اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس پرامن تحریک کے خلاف میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ آج وزیر اعظم نے جبری گمشدگیوں کے متاثرین کو دہشت گرد قرار دیکر متاثرہ خاندانوں کی توہین کی اور پرامن سیاسی کارکنوں سے دھمکی آمیز لہجے میں خطاب کیا۔ بہرحال ہم اس ریاست اور حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپ کے ظلم اور بربریت کو دنیا کے سامنے آشکار کرتے رہیں گے۔