نگران وزیراعظم دارالحکومت میں بلوچ مظاہروں پر اپنے ہوش و ہواس کھو بیٹھے۔ طاہر بزنجو

316

نیشنل پارٹی کے سینیٹر طاہر بزنجو نے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ایک موقر انگریزی اخبار نے صحیح ترجمانی کرتے ہوئے لکھا ہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ دارالحکومت میں بلوچ مظاہروں پر اپنے ہوش و ہواس کھو بیٹھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چمن میں لوگ اپنے مطالبات کیلئے کئی ماہ سے دھرنے پر بیٹھے ہیں، حکومت اور مقتدرہ فوری طورپر ان کے مطالبات پر غور کرے بصورت دیگر کسی بھی بڑے حادثے کے تباہ کن نتائج برآمدہونگے ۔

سینیٹر طاہر بزنجو نے کہاکہ کئی ماہ سے بلوچستان کے شہر چمن میں ایک دھرنا چل رہاہے جن کو بلوچستان میں سرگرم عمل تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہیں ان کے نمائندے اسلام آباد تشریف لائے تھے چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے ملاقات کی ،چمن دھرنے کامسئلہ 20 نومبر 2023 کو اٹھایاتھا اور مقتدرہ سے اپیل کی کہ ان کی مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیاجائے لیکن تاحال اس مسئلے پر کوئی پیشرفت نہ ہوسکا دھرنے کے شرکاءکاکہناہے کہ حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں وہ راتوں رات ہزاروں کی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ میں حکومت سے صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ خدارا ان سے مذاکرات کئے جائیں اگر کوئی بڑا حادثہ رونما ہوا اور اس کے جو نتائج نکلیںگے وہ نہایت تباہ کن ہونگے ۔