سامی: سی پیک روٹ پر پاکستانی فوج کے قافلے پر بم دھماکہ

687

سی پیک روٹ پر پاکستان فوج کے گاڑیوں کے قافلے میں شامل ایک گاڑی بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے سامی میں سی پیک روٹ پر پاکستان فوج کے قافلے کو نامعلوم افراد نے بم دھماکے میں نشانہ بنایا ہے۔ دھماکے کی زد میں ایک گاڑی آئی جس کے نتیجے میں فورسز کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق دھماکہ پنڈوکی کور کے مقام پر سی پیک روٹ پر ہوا۔ دھماکے کے بعد فورسز نے ناکہ بندی کرکے راستے کو آمد و رفت کیلئے بند کیا۔

حکام نے نقصانات کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

گذشتہ دنوں کیچ کے علاقے بلیدہ میں پاکستانی فوج پر ایک حملے میں پانچ اہلکار ہلاک جبکہ ایک میجر سمیت دو اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ مذکورہ حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے کی تھی۔

چار روز کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں، تربت، جھاؤ اور خاران میں پاکستان فوج اور انتخابی پروگراموں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے ان حملوں میں سے اکثریت کی ذمہ داری بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں قبول کرچکی ہے تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔