تربت: پاکستانی فورسز کے ہاتھوں نوجوان لاپتہ

249

تربت سے ایک اور نوجوان کو پاکستانی فورسز نے گرفتاری کے بعد لاپتہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق 13 جنوری 2024 کو آبسر میر یعقوب محلہ کے رہائشی شہاب الدین ولد عبد الواحد کو سنگانی سر پرانے چنگی کے مقام پر دوپہر 2 بجے سکیورٹی فورسز نے اٹھایا۔

اس سلسلے میں لاپتہ شہاب الدین کے بڑے بھائی ثناہ اللہ نے آج حق دو تحریک بلوچستان (حق پرست)کے آرگنائزر محمد یعقوب جوسکی سے ملاقات کی۔

یعقوب جوسکی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ہماری مائیں بہنیں شدید سردی میں اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے اسلام آباد پریس کلب میں دھرنا دینے پر مجبور ہیں اور دوسری طرف ریاستی اداروں کی جانب سے اس طرح بغیر وارنٹ کے اٹھانا انتہائی تشویش ناک عمل ہے۔

ہم ریاستی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ لاپتہ شہاب الدین اگر گناہ گار ہے تو اسے پولیس کے حوالے کر کے عدالت میں پیش کریں اور اگر بے گناہ ہے تو اسے بحفاظت بازیاب کریں۔