برازیل کے لیجنڈ فٹبالر انتقال کرگیا

96

برازیل کے لیجنڈ فٹبالر ماریو زگالو 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کے ساتھ بطور کھلاڑی اور پھر کوچ کی حیثیت سے پانچ بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والے اور چار بار ٹائٹل جیتنے والے لینجنڈ فٹبالر ماریو زگالو کا 92 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔

زگالو ایک کھلاڑی اور مینیجر دونوں کی حیثیت سے ورلڈ کپ جیتنے والے پہلے شخص تھے اور برازیل کے بہت سے فٹبال شائقین کے لیے آئیڈیل تھے۔

برازیل کے فٹبال کنفیڈریشن کے صدر ایڈنلڈو روڈریگس نے اپنے ایک بیان میں زگالو کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ فٹبال کے سب سے بڑے لیجنڈز میں سے ایک تھے۔

فیڈریشن صدر نے کہا کہ ہم اپنے عظیم ہیرو کی رخصتی کے لیے غم کے اس لمحے میں ان کے خاندان کے افراد اور مداحوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

زگالو برازیلین فٹبال کی سب سے زیادہ کرشماتی شخصیات میں سے ایک تھے۔

برازیل کے کئی کلبوں نے جہاں زگالو کھیلے اور کوچنگ کی انہوں نے بھی ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے 1958 اور 1962 میں ورلڈ کپ جیتنے والی فاتح ٹیم میں بطور فارورڈ نمائندگی کی۔

زگالو نے 1965 میں پروفیشنل کھیل چھوڑ دیا تھا اور اگلے سال ریو ڈی جنیرو کلب بوٹافوگو کے ساتھ اپنے کوچنگ کیریئر کا آغاز کیا۔