اسلام آباد میں بلوچ خواتین پر تشدد شرمناک ہے، انکے مطالبات جائز ہیں ۔سنیٹر مولانا غفور حیدری

416

جمعیت علما اسلام کے سنیٹر عبدالغفور حیدری نے سنیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد دھرنے میں بیٹھے مظاہرین سے کوئی اختلاف کرسکتا ہے، انکی رائے اور پالیسوں سے کوئی اختلاف رکھ سکتا ہے لیکن انکے مطالبات معصومانہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ انکا مطالبہ سادہ ہے کہ انکے جو پیارے دس پندرہ سالوں سے غائب ہیں ،کئی کی منگنی ہوچکی ہیں، انکو اٹھا کر غائب کیا گیا ہے انہیں اطمینان دلایا جائے کہ وہ زندہ ہیں یا نہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے کوئی قتل یا فورسز پر حملہ تو انہیں عدالتوں میں پیش کرکے ٹرائل کیا جائے ، جیلوں میں ڈالے جائیں اگر کسی موڑ پر یہ ثابت ہوا کہ وہ قاتل ہے تو ہم ہاتھ کھڑے کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ جو کسی نسبت میں اٹھائے گئے، سالوں سے غائب ہیں، خواتین پر جو تشدد کیا گیا انتہائی شرمناک ہے، باپردہ خواتین کو گھسیٹا گیا، تھانوں میں ڈالا گیا اس عمل سے بلوچستان کے عوام کو بغاوت میں اکسایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد انتظامیہ کے خلاف کاروائی کی جائے، کس کے کہنے پر کاروائی کی گئی۔ مظاہرین کے مطالبات آئین کے مطابق اور قانونی ہیں۔ انہوں نے کوئی سڑک بند نہیں کی وہ پرامن تھے ان پر انتہائی بدترین تشدد کیا گیا ۔