احتجاج میں بیٹھے افراد سے پوچھا جائے کس کی بازیابی چاہتے ہیں، جان اچکزئی کے جھوٹ کا پتا چلے گا۔ عبدالنبی بنگلزئی

1060

بلوچ رہنماء عبدالنبی بنگلزئی نے بلوچستان کے نگران وزیراطلاعات کے اس بیان پر تنقید کی ہے جس میں اس نے بی وائی سی کی رہنماء ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ پر الزام عائد کرتے ہوئے انھیں جھوٹا قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ جان اچکزئی نے غلط بیانی کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ نے خود اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے حملے میں مغربی بلوچستان میں جن لوگوں کو قتل کیا گیا ان کے لواحقین اسلام آباد دھرنے میں موجود ہیں۔

بلوچ رہنماء نے کہا یہ بلاجواز پروپیگنڈہ ہے جو نام نہاد وزیر جان اچکزئی کی حواس باختگی کو ظاہر کرتا ہے۔

انھوں نے کہا جو لواحقین احتجاج کر رہے ہیں ان سے پوچھا جائے کہ وہ کس کی بازیابی چاہتے ہیں ، تب سچ اور جھوٹ کا پتا چلے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے رواں ہفتے مغربی بلوچستان میں بلوچ مہاجرین پر حملہ کیا تھا جس میں بی این ایم کے مرکزی کونسل کے ممبر چیئرمین دوستا کے پورے خاندان سمیت دس افراد جانبحو ہوئے۔ چیئرمین دوستا کے ایک بہنوئی ’ دوست محمد ‘ سال 2012 سے پاکستانی فوج کی حراست میں جبری لاپتہ ہیں۔ ان کی جبری گمشدگی کے بعد ان کے خاندان کے کئی افراد مسلسل پاکستانی فوج کی کارروائیوں سے تنگ آکر مغربی بلوچستان منتقل ہوگئے تھے جنھیں حالیہ حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔

بی وائی سی کی رہنماء ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے اس سانحے پر ردعمل دیتے ہوئے یہی حوالہ دیا تھا کہ جنھیں نشانہ بنایا گیا ہے ان کے لواحقین اسلام آباد دھرنے میں موجود ہیں ، جسے جان اچکزئی نے غلط رنگ دینے کی کوشش کی ۔