ایران حملے :پاکستان نے ایرانی سفیر بے دخل کرکے اپنا سفیر واپس بلالیا

380

ایران میزائل حملے، پاکستان کا احتجاجاً سفارتی بائیکاٹ کا اعلان، سفیر واپس بلا لیا-

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ممتاز زہرا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان پر ایرانی حملے پر پاکستان نے اسلام آباد میں ایرانی سفیر کو واپس جانے کا کہا ہے جبکہ پاکستان اپنا سفیر بھی تہران سے واپس بلا رہا ہے-

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سفارتی دوروں کو روکا جارہا ہے اور پاکستان نے اپنے فیصلے سے ایرانی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔

واضح رہے گذشتہ روز ایرانی نیم سرکاری میڈیا نے ایران کی جانب سے بلوچستان کے ضلع پنجگور کوہ سبز کے رہائشی علاقوں پر میزائل اور ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا تھا ایرانی حکام کے مطابق انہوں نے ان حملوں میں جیش العدل کے پاکستانی حدود میں موجود ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے-

پاکستانی وزارت خارجہ نے ایران کی جانب سے بلوچستان کی سرحد کے اندر کئے جانے والے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے ان حملوں میں دو بچوں سمیت دو خواتین مارے گئے ہیں جبکہ پاکستان نے ان حملوں میں جیش العدل کے کسی ارکان کے مارے جانے کی تصدیق نہیں کی ہے-