ٹانک: پولیس لائن پر حملہ، 2 اہلکار ہلاک، 2 زخمی

261

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس لائن پر عسکریت پسندوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار ہلاک جب کہ 2 زخمی ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او ) ٹانک نے پولیس اہلکاروں کے ہلاکت اور زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

ڈی پی او ٹانک افتخار شاہ نے کہا کہ ایک حملہ آور نے خود کو اڑایا، پولیس لائن میں موجود تمام نفری کو بحفاظت نکال لیا گیا، مزید مسلح افراد کی اطلاع پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان میں خاص طور پر خیبرپختونخوا میں حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

منگل کی علی الصبح ڈی آئی خان کے علاقے درابن میں فوج کے زیر استعمال کمپاؤنڈ پر تحریک جہاد پاکستان (ٹی جے پی) سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کے حملے میں پاکستان فوج کے 23 اہلکار ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔