سونا اگلنے والی سمندر کے وارثوں کو پتھر کے زمانے میں دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے – ڈاکٹر مالک بلوچ

164

اورماڑہ کے دیہی علاقہ بل میں نیشنل پارٹی کی جانب سے شمولیتی جلسہ عام منعقد کیا گیا، سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پندرہ سال سے منتخب نمائندوں نے آپ سے قیمتی ووٹ لے کر آپ کی مستقبل کا سودا کیا، سونا اگلنے والی سمندر کے کنارے آباد بستیاں پتھر کے زمانے کی منظر پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی یا پسماندگی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے لیکن یہاں کے بچے اور بچیاں تعلیم کے زیور سے محروم ہیں جو نمائندے پندرہ سال سے عوام کو زندہ رہنے کے لیے بنیادی سہولیات اور مستقبل کے معماروں کو حصول تعلیم کے لئے چھت فراہم نہ کر سکے وہ نمائندہ کہلانے کے قابل نہیں، ملکی اور غیر ملکی ٹرالروں سے سمندر کا سودا کرکے غریب ماہی گیروں کے منہ کا نوالہ چھینا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا مستقبل آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے اگر آپ چاہیں اسے تاریک یا روشن بنا سکتے ہیں کیونکہ الیکشن کے دن اسی روز میں آپ اپنے پانچ سال کے مستقبل کا فیصلہ کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر آپ تربت اور گوادر کے دیہی علاقوں کا مشاہدہ کریں تو آپ کو اس میں بڑا فرق محسوس ہو گا، کیچ کے دیہی علاقے کولواہ مادگے قلات سے لے کر شاپک، شہرک تک بڑے بڑے ڈاکٹرز ، انجینئرز اور دوسرے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان پیدا کئے لیکن سی پیک کے جھومر کہلانے والی گوادر کے ماہیگیر کے بچے اب تک مفلسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے ڈھائی سال کی مدت میں تربت کا نقشہ بدل دیا لیکن ہر سال پانچ ارب روپے گوادر کے لیے ترقیاتی فنڈز کہاں خرچ کئے گئے جو صرف آپ کو ملیں گے اور زمین میں ان کے آثار موجود نہیں ان نمائندوں سے آپ اور کیا توقعات رکھتے ہیں کیا آپ اسی طرح اپنے مستقبل کے نوجوانوں کا سودا کرتے رہو گے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج اس عظیم الشان گرینڈ شمولیتی جلسہ کی توسط سے حلفیہ کہتا ہوں صرف ایک بار آپ نیشنل پارٹی کو خدمت کا موقع دیں اگر پانچ سالوں میں یہاں آپ نے تبدیلی محسوس نہیں کی تو آپ کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 2024 کا الیکشن آپ کے لیے ایک بڑا امتحان ہے کیا آپ ماضی کی طرح تاریک راہوں میں بھٹکتے رہو گے یا ماضی کو دہرانے کے بجائے ایک تاریخی فیصلہ کرکے اپنے قیمتی ووٹ کے ذریعے تبدیلی لاؤ گے ، اگر آپ نے تبدیلی لائی تو یہ آپ کے لیے ایک جہاد ہوگا ، انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اورماڑہ کے دیہی علاقے میں یہ گرینڈ شمولیتی جلسہ تبدیلی کی ابتدا ہے۔