بلوچستان جبری گمشدگیاں: برطانوی پارلیمنٹ میں تحریک پیش

728

بلوچوں کو لاپتا، اغوا اور قتل کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، برطانوی رکن پارلیمنٹ

برطانوی پارلیمنٹ میں لیبر پارٹی کے ایم پی برائے ہیز، ہارلنگٹن اور سابق شیڈو چانسلر جان میکڈونل نے آج پارلیمنٹ میں تحریک پیش کی ہے جو بلوچستان بھر میں لانگ مارچ کی قیادت کرنے والی باہمت خواتین کی حمایت میں پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے محکمے کے آپریشنز سے منسلک گمشدگیوں، اغوا اور قتل کی طرف توجہ مبذول کروانے کے لیے ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پارلیمنٹ میں پیش تحریک میں کہا کہ بلوچستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی “سی ٹی ڈی” کے آپریشنز میں بلوچوں کو جبری اغوا اور قتل کرنے کی وارداتیں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں جن کی طرف میں ایوان کی توجہ مبذول کروانا چاہتا ہوں۔

برطانوی وزیر کا کہنا تھا جبری گمشدگیوں سمیت پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے بلوچ خواتین کی قیادت میں جاری لانگ مارچ کو عالمی میڈیا نظر انداز کر رہا ہے-

انہوں نے مزید کہا یہ مارچ یہ ایک جرأت مندانہ اقدام ہے جس کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بلوچستان میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کئے جاسکے-