اسلام آباد: بلوچ جبری لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج جاری

182

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کلب کے سامنے بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کا احتجاج آج 23ویں روز جاری رہا جس میں آج جبری لاپتہ طالبعلم رہنماء ذاکر مجید بلوچ کی والدہ نے شرکت کی۔

کیمپ میں موجود لاپتہ راشد حسین کی والدہ، لاپتہ آصف اور رشید کی ہمشیرہ سائرہ بلوچ اور دیگر نے کہا کہ گزشتہ کئی سرد ترین دنوں سے ہم یہاں سراپا احتجاج ہیں اور ہمارا مطالبہ ایک ہی ہے کہ ہمارے پیاروں کو منظر عام پر لا کر عدالتوں میں پیش کیا جائے لیکن یہاں کی طاقت ور ادارے بلوچوں کو انسان نہیں سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج پورا بلوچستان جبری گمشدگیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے لیکن حکمرانوں کو بلوچستان کے عوام کا احتجاج نظر نہیں آتا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، ماروائے عدالت قتل کے خلاف کوئٹہ میں بھی طویل احتجاج جاری ہے جبکہ بلوچ نسل کشی کے خلاف تربت سے کوئٹہ لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف جارہا ہے جس میں سرفہرست مطالبات جبری گمشدگیوں کی روک تھام ہے۔