گرفتار پشتون رہنماء منظور پشتین منظرعام پر نہیں آسکے

243

پشتون رہنماء کو گذشتہ دنوں بلوچستان کے علاقے چمن سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا-

پشتون تحفظ موومنٹ کے بانی اور پشتون قوم پرست رہنماء منظور پشتین کو گذشتہ دنوں بلوچستان کے شہر چمن سے تربت سفر کے دؤران فورسز نے انکے قافلے پر فائرنگ کے بعد گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے تھے جس کے بعد سے وہ منظرعام پر نہیں آسکے ہیں-

منظور پشتین کے “ایکس” اکاؤنٹ سے پی ٹی ایم سوشل میڈیا ٹیم نے پوسٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ منظور پشتین کو گذشتہ دنوں گرفتاری کے بعد لاپتہ کیا گیا ہے اگر منظور پشتین بلوچستان سے لاپتہ ہوسکتے ہیں تو سوچیں یہاں عام شہریوں کی کیا صورتحال ہوگی-

خیال رہے کہ منظور پشتین چمن دھرنے میں شرکت کیلئے بلوچستان میں موجود تھے۔ منظور پشتین نے چمن دھرنے میں شرکت کے بعد بلوچستان کے ضلع کیچ کے شہر تربت میں سی ٹی ڈی جعلی مقابلوں کیخلاف دھرنے میں شرکت کیلئے تربت جانے کا اعلان کیا تھا جہاں بعد میں انھیں چمن سے تربت جاتے ہوئے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ منظور پشتین کے بلوچستان میں داخلے پر محکمہ داخلہ نے پابندی لگائی ہوئی تھی، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں متعدد مرتبہ پابندی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔