پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین کو گرفتار کرلیا گیا

346

پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو گرفتار کرلیا گیا۔

پشتون تحفظ موومنٹ کی سینٹرل کمیٹی کے ممبر زبیر آغا شاہ کی جانب سے اپنے ایکس اکاؤنٹ میں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پی ٹی ایم قائد مشر منظور کو چمن میں گرفتار کرلیاگیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں جلد از جلد رہا نہ کیا گیا تو شدید ردعمل دیں گے۔

خیال رہے کہ منظور پشتین چمن دھرنے میں شرکت کیلئے بلوچستان میں موجود ہیں۔ منظور پشتین نے چمن دھرنے میں شرکت کے بعد تربت میں جاری دھرنے میں شرکت کیلئے تربت جانے کا اعلان کیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ منظور پشتین کے بلوچستان میں داخلے پر محکمہ داخلہ نے پابندی لگائی ہوئی تھی، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں متعدد مرتبہ پابندی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ آج صبح منظور پشتین پر تربت دھرنے میں شرکت کیلئے جاتے ہوئے راستے میں فائرنگ کا نشانہ بھی بنایا گیا، جس میں وہ بال بال بچ گئے۔