اقامہ کو بنیاد بنا کر بی این پی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔سردار اختر مینگل

264

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ مجھے جس اقامے پر مسترد کیا وہیں سزائے یافتہ اور تاحیات نااہل قراردئیے جانے والے نواز شریف کے کاغذات منظور کرلئے گئے۔

انہوں نے کہاکہ یہ کونسا نظام جہاں ہمارے کاغذات تو مسترد ہوجاتے ہیں مگر نااہل افراد کے کاغذات منظور ہوجاتے ہیں،دراصل یہاں کاغذات صرف اپنوں کے منظور ہورہے ہیں ہم تو پہلے ہی پرائے تھے۔

انکا کہنا تھا کہ اقامہ کو بنیاد بنا کر بی این پی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔یہ فیصلہ ہوچکا ہے کہ انتخابات میں پی ٹی آئی اور بی این پی مائنس ہونگے۔

اختر مینگل نے کہاکہ ملک بھر میں کہیں بھی کسی بھی جماعت کے تمام امیدواروں کے کاغذات مستردنہیں ہوئے، ہم یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ ہم بہت جمہوری لوگ ہیں، گزشتہ اسمبلی میں جو ہمار ا کردار رہا وہ نازک مزاج لوگوں کو پسند نہیں آیا، ہمار ا جرم یہ ہے کہ ہم نے بلوچستان میں ہو نے والی ناانصافیوں کو کھل کر ذکر کیا ہے، بلوچستان کے لئے آواز بلند کرنا ہماری گستاخی ثابت ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ کاغذات مسترد ہونے سے متعلق لیگل ٹیم اور سینئر دوستوں سے رابطہ کررہے ہیں۔