‏شہدائے بلوچستان کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ بی ایس او آزاد

123

‏بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے 13 نومبر کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہدائے بلوچستان کی عظیم قربانیوں کی بدولت بلوچ قومی تحریک آج ایک منظم شکل میں عوام کے اندر پھیل چکی ہے ۔ بلوچ قومی شہداء کی محنت، کمٹمنٹ اور قربانی کے فلسفے نے تحریک اور عوام کے اندر ایک منظم تعلق جوڑ دیا ہے جس سے تحریک دن بدن منظم شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔ شہدائے بلوچستان نے بےغرض ہوکر بلوچ قوم کے پائیدار مستقبل کیلئے اپنی زندگیوں کی قربانی دی۔ بلوچ آج سے نہیں بلکہ انگریز اور پاکستانی قبضے سے پہلے بھی اپنے وطن کی حفاظت اور اس کی دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ بلوچوں نے ایرانی، انگریز، پاکستانی اور تمام قبضہ گیروں کے خلاف پائیدار قومی مستقبل کیلئے اپنی زندگیوں کی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹے ہیں۔

‏ترجمان نے کہا کہ بلوچ تاریخ میں شہدائے بلوچستان کا دن انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ دن ان عظیم ہستیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنی زاتی خواہشات کو بالائے طاق رکھ کر قومی مستقبل کیلئے اپنی زندگیوں کی قربانی دی۔ بلوچ ثقافت، زبان، زمین اور ہر شئے بلکہ بطور قوم ہماری شناخت کی حفاظت ان کی قربانیوں کے بدولت ممکن ہوئی ہے۔جب جب بھی کسی یلغار فوج نے بلوچ سرزمین پر حملہ کیا ہے اور بلوچ سرزمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے تو بلوچ جہدکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکےان یلغاروں سے بلوچ زمین کی حفاظت کی ہے۔ آج بھی بلوچستان کے کونے کونے میں پاکستانی اور ایرانی یلغار فوج بلوچوں کو ان کی قومی شناخت کی بنیاد پر شہید کر رہی ہے ۔ 13 نومبر تجدید عہد کا دن ہے جہاں بلوچ ان شہداء کی قربانیوں کے ساتھ عہد کریں کہ وہ بلوچ قومی تحریک کو منزل مقصود تک پہنچائیں گے اور ان کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دینگے۔ بلوچ شہداء نے ایک مکمل آزاد ریاست کیلئے اپنی زندگیوں کی قربانی دی تاکہ بلوچ قوم ایک آزاد ریاست میں رہ کر ایک بہترین زندگی گزاریں اور بلوچ اپنی قومی شناخت، زمین، سائل و سائل، ثقافت اور تمام شئے کی حفاظت کریں اور انہیں کسی بھی یلغار اور قابض سے کوئی خطرہ نہ ہو۔ قومی آزادی کے ایجنڈے سے باہر کوئی بھی سوچ اور عمل بلوچ شہداء کی قربانیوں سے دغا اور انہیں دھوکا دینے کے مترادف ہے۔ ان قربانیوں کا ثمر صرف اور صرف ایک آزاد اور خودمختیار بلوچ ریاست میں پہناں ہے۔

‏ترجما ن نے بیان کے آخر میں بلوچ شہداء کی عظیم قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ قومی شہداء ایک عظیم مقصد کیلئے شہید ہوئے ہیں ، 13 نومبر کی مناسبت سے تمام بلوچ قوم، شہداء کے وارث اور عزیز و اقارب اور تمام لوگ بلوچ دھرتی کیلئے شہید ہونے والے ثبوتوں کو خراج عقیدت پیش کرکے ان کے دائمی زندہ ہونے کی نشانی دی۔ جبکہ 13 نومبر کی مناسبت سے تمام زونز کو پابند کیا جاتا ہے کہ وہ بلوچ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف پروگرامز کا انعقاد کریں ۔