ریسکیو سروس چھیپا کا کہنا ہے کہ ہفتے کو کراچی کے راشد منہاس روڈ پر واقع ایک شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے سے نو افراد جان سے گئے جبکہ چھ زخمی ہو گئے۔
سینیئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز انور بلوچ کا کہنا تھا کہ ہمیں صبح 6:30 پر کال موصول ہوئی جس کے بعد ہمارے دو فائر ٹینڈرز دس منٹ میں یہاں پہنچ گئے تھے۔
ان کے مطابق ’اس آگ کو بجھانے کے لیے آٹھ فائر ٹینڈرز اور دو سنارکلز کام کر رہے تھے۔‘
ان کے مطابق ’آگ بجھانے کے بعد کولنگ اور سرچنگ کا عمل جاری ہے۔‘
فائر بریگیڈ کے چیف آفیسر اشتیاق نے کہا کہ ’ہمارے ساتھ نیوی، واٹر بورڈ، 1122 ریسکیو کے اہلکار مدد کر رہے تھے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اس عمارت سے 45 سے زیادہ لوگوں کو نکالا ہے۔ جن کی حالت خراب تھی انہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔‘
ان کے مطابق ’اس سے قبل بھی اس مال میں دو بار آگ لگ چکی ہے جس کے بعد ہم نے ان کو خبر دار کیا تھا لیکن مال انتظامیہ نے عمل درآمد نہیں کیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آگ لگنے کے بعد بجلی ٹرپ ہو گئی جس کے بعد لوگ یہاں پھنس گئے تھے۔‘
آگ لگنے کی وجہ کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا ’ممکن ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی ہو لیکن ابھی تک حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے۔‘
چیف آفیسر کے مطابق ’چند دکانوں کی سجاوٹ کی چیزوں کا نقصان ہوا ہے۔ آگ دوسرے فلور سے پانچویں فلور تک لگی ہوئی ہے۔
انہوں نےتصدیق کی کہ ’اب آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔‘