ڈیفنس آف ہیومن رائٹس اور بلوچ وائس فار جسٹس کا مشترکہ روڈ میپ تیار کرنے پر اتفاق

293

ڈیفنس آف ہیومن رائٹس اور بلوچ وائس فار جسٹس نے جبری گمشدگیوں کے خلاف لڑنے کے لئے ایک مشترکہ روڈ میپ تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک مشترکہ روڈ میپ تیار کرکے انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ بھی رابطہ قائم کریں گے اور دونوں تنظیمیں جبری گمشدگیوں کے خلاف مشترکہ قرارداد بھی لائیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان بھر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور جبری گمشدگیوں کے ذریعے آوازیں دبانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اس وقت پاکستان میں انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو بدترین جبر کا سامنا ہے اور تمام بنیادی انسانی حقوق سے زبردستی انکار کیا گیا ہے۔

بیان میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے نومنتخب چیئرپرسن اسد اقبال بٹ اور کو چیئرپرسن معروف صحافی و اینکر منیزہ جہانگیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا کہ نئے منتخب ہونے والے عہدیداران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز بلند کریں گے۔