جبری لاپتہ سیف اللہ رودینی کی بہن فرزانہ رودینی نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ 22 نومبر 2023 کو آگائی مہم میں شامل ہوکر میرے بھائی کی بازیابی کے لئے آواز اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے بھائی کو 22 نومبر 2013 کو جبری لاپتہ کیا گیا تھا، اس 22 نومبر کو اس کی جبری گمشدگی کو 10 سال مکمل ہورہے ہیں، یہ 10 سال ہم پر قیامت بن کر گذرے ہیں، میری والدہ اور میرے والد بھائی کی جدائی کو برداشت نہ کرتے ہوئے اس فانی دنیا سے رخصت کرگئے۔ بھائی کی طویل جبری گمشدگی اور والدین کی وفات کے بعد ہم بہن، بھائی بھی سخت اذیت سے دو چار ہے۔
انہوں نے کہا کہ 22 نومبر 2023 کو ہم بلوچ وائس فار جسٹس کے ساتھ ملکر بھائی کی بازیابی کے لئے ایکس پر ایک مشترکہ کمپئین چلائیں گے۔ میں تمام بلوچ سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سمیت دیگر تمام انسانی حقوق کے علمبرداروں، سیاسی و سماجی کارکنوں، صحافی و وکلاء برادری سمیت زندگی کے دیگر تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ہماری آواز بنیں میرے بھائی سیف اللہ رودینی کی بازیابی کے آواز اٹھائیں اور ہمیں اس طویل انتظار، درد و اذیت سے نجات دلانے کے لئے ہماری مدد کریں۔