خضدار کی مخدوش صورتحال پر آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کی جانب سے اہم پریس کانفرنس، ضلعی انتظامیہ و پولیس کی ناقص کارکردگی اور خضدار میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف 12 نومبر کو امن جرگہ کا اعلان-
آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کےچیئرمین شفیق الرحمن ساسولی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عمران میروانی، وائس چیئرمین مولانا محمداسحاق شاہوانی، میرجمعہ خان شیرانی، آغاسمیع اللہ شاہ ودیگر نے عہدیداران وکونسل ممبران کے ہمراہ خضدار پریس کلب میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کسی معاشرہ، قوم و سماج ، کی ترقی معاشرتی استحکام کا تعلق براہ راست امن و امان سے وابسطہ ہے، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی ضلع خضدار کے نمائندگان اس چیز کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے کہ ان کے شہر خضدار کو مسلح رہزنوں، ڈاکووں اور منشیات فروش گروہوں کے حوالہ کیاجائے۔
صحافیوں سے گفتگو میں انکا کہنا تھا اس سرزمین میں ہمارے آباو اجداد دفن ہیں، ہم اس سرزمین کے تمام اقدار و اطوار کے امین ہیں ہم یہ ہرگز نہیں برداشت نہیں کرینگے کہ ہمارا نوجوان نسل منشیات فروشوں کے رحم و کرم پر ہوں، ہماری گلیاں رہزنوں کے حوالے ہوں، ہماری تاجر برادری غیر محفوظ اور خوف میں مبتلا ہوں۔
پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لئے جہدوجہد کر رہا ہے جہاں طلبہ و طالبات پرسکون ماحول میں بلا کسی خوف و خطر اپنا تعلیم حاصل کرسکیں جہاں ہماری تاجر برادری پرسکون ماحول میں اپنی تجارت اور معاشی سرگرمیاں جاری رکھ سکے،جہاں علماء،سیاسی کارکنان،قبائلی عمائیدین سمیت ہر معزز شہری خود کو اور اپنے اہل و اہیال اور اپنے جان و مال کو مکمل محفوظ سمجھیں لیکن بدقسمتی یہ ہیکہ ہمارے نگہباں ہی ہمارے جان و مال عزت و آبرو کے دشمن نکلے ہمارا انتظامیہ جن کی زمہ داری ہر شہری کی حفاظت، ان کی جان و مال کا خیال رکھنا ہے جس کیلئے انھیں ان غریبوں کے ٹیکس سے کروڑوں روپے ان پر خرچ کیا جاتاہے۔
انہوں نے کہا اس کے باوجود وہ اپنے زمہ داریاں پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔خضدار کی سب سے بڑی بدقسمتی یہ رہی ہی کہ یہاں جب کبھی کوئی ،DC, AC, SSP, SHO یا کوئی انتظامی آفیسر تعینات ہوتا ہے,تو اس شہر کو اپنے کاروبار کا ٹھکانہ سمجھ بیٹھتا ہے وہ اس چیز کو بھول جاتاہے کہ میں سرکار کا ایک نمائندہ اور عوام کا خدمت گار ہوں، مجھے اس کرسی پر لوگوں کی خدمت انکے جان و مال کی حفاظت کرنے کیلئے یہاں تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا بدقستمی یہ ہے کہ یہاں پر تعینات آفیسر خود کو حاکم اور عوام کو محکوم سمجھ کر متکبرانہ رویہ اختیار کرتا ہے۔ ہم انتظامیہ کے سربراہاں ڈی سی، اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ایس پی، ایس ایچ اوز و دیگر انتظامی آفیسران کو متنبہہ کرنا چاہتے ہیں کہ اپنے فرائض منصبی کی زمہ داریوں کو بہتر طریقے سے چلائیں، خضدار شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز ، منشیات کے مکروہ دھندہ، بلیک میلنگ جیسے معاملات کو فوری روک دیا جائے وہ انتظامی آفیسران جو اس شہر کو اپنے کاروبار کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو رشوت اور کمیشن کو اپنے لئے حلال کی کمائی سمجھتے ہیں، جو پیسےکے لئے اپنا دین و ایمان بھیج کر اپنے لوگ اور اپنے منصب کے ساتھ نا انصافی کر رہے ہیں ہم ان پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ انکے ایسے غیر اخلاقی سرگرمیوں کیلئے ہمارے ہاں کوئی گنجائش نہیں۔
پارٹی رہنماؤں کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اس پریس کانفرنس کی توسط سے اہلیاں خضدار کو آگاہ کرنا چاہتاہیکہ مورخہ 12 نومبر کو امن جرگہ کے نام سے ایک گرینڈ سیاسی پروگرام منعقد کیاجائیگا جس میں خضدار کے غیور عوام ، طلبہ، مزدور، تاجر برادری، سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگ ضلع خضدار کے بگڑتے ہوئے حالات اور امن و امان کی مخدوش صورتحال کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اس امن جرگہ میں خضدار کے معززین، سیاسی، و قبائلی عمائدین، علماء کرام ، سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگ اور عوام شرکت کریں گے۔
انہوں نے آخر میں کہا اس جرگے میں مشاورت کے بعد ہم اپنے کونسل ممبران سے مشاورت کے بعد مزید لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔خضدار میں امن کی مکمل بحالی تاجروں کی حفاظت، سیاسی و سماجی کارکنان کی امیدوں کی بحالی سمیت دیگر شہری مسائل پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے تک ہم اپنی اس تحریک کو جاری رکھیں گے۔