آواران و کولواہ میں لوگوں کے قتل و ڈکیتی میں پاکستان آرمی کے ڈیتھ اسکواڈ ملوث ہیں۔بی ایل ایف

448

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آواران اور کولواہ میں ڈیتھ اسکواڈ کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔پاکستانی فوج نے کولواہ زربار سے اپنی چوکیاں خالی کرکے ڈیتھ اسکواڈز کے حوالے کی ہیں جو علاقے میں دہشت پھیلا رہے ہیں۔بلوچستان لبریشن فرنٹ نے ان افراد پر قریب سے نظر رکھنے کی لیے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے جلد ہی ان سماج اور بلوچ دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ان عناصر کی نشاندہی کے لیے سرمچاروں کی مدد کریں۔ عوام ان کی خفیہ اور ظاہری سرگرمیوں اور نقل و حرکت کے بارے میں اطلاع فراہم کرکے اس آپریشن میں بلوچ سرمچاروں کی معاونت کریں۔

ترجمان نے کہا کہ گذشتہ چار مہینوں سے ان کی سرگرمیوں میں شدت پیدا ہوئی ہے۔ بی ایل ایف کی تحقیق و تفتیشی ٹیم کے مطابق آواران اور کولواہ کے مختلف علاقوں میں ڈیتھ اسکواڈز کے کئی گروہ سرمچاروں کے روپ میں شاہراہوں پہ چوری اور ڈکیتیاں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈکیتی کی ان وارداتوں کو بھی یہ عناصر بلوچ سرمچاروں کے بارے میں عوام میں بدگمانی پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ان کے انگنت واقعات میں چند ماہ قبل شہید نواز رند کے ماموں پر آواران ریکن کے پہاڑی علاقے میں تشدد کرکے ان کی موٹرسائیکل اور دیگر سامان چھیننا، رضائی کلرو نامی شخص کی بندوق کے زور موٹرسائیکل اور دیگر سامان کی ڈکیتی، کیراں کور میں مسافر گاڑی میں سوار کولواہ کے رہائشوں کو لوٹنا، میشود بزداد میں بلوچ خاتون کے کانوں کو نوچ کر سونے کی بالیاں چھیننا، مادگ کلات کولواہ میں دو زمباد گاڑیوں کو لوٹنا، رواں ماہ کی 8 تاریخ کو بانڈمی میں عبدالصمد ولد قاسم کو گھر میں گھس کر قتل کرنا اور مزاحمت پر ان کی بیوی اور والد پر تشدد کرنا اور اسی رات رسول بخش بازار پیراندر میں چرواہا نوربخش والد صاحبداد کو اغواء کے بعد ان کے گھر سے چند فاصلے پر لے جاکر شہید کرنا ان انسانیت دشمن کے گروہوں کے سنگین جرائم ہیں۔ ان کے جرائم پر بی ایل ایف کے کمان نے ان کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ کیا ہے جلد ہی ان کو ان کے اعمال کی سزا دی جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ بی ایل ایف بلوچ عوام کی تنظیم ہے جن کی قربانیوں اور محبت کا ثمر ہے کہ بی ایل ایف آج بلوچستان کے ہر کونے میں دشمن کے خلاف ایک مضبوط فورس کے طور پر کھڑی ہے۔اس لیے بلوچ قوم کو ان سماج دشمن عناصر کے بارے میں اطلاع دینا ضروری سمجھتے ہوئے بلوچ قوم کو دشمن فوج کی پشت پناہی میں چلنے والے ڈیتھ اسکواڈ کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کولواہ زربار کے علاقے میں قابض فوج نے اپنی چند چوکیاں خالی کرکے ڈیٹھ اسکواڈز کے حوالے کیے ہیں جو سرمچاروں کے راستوں کی کئی مرتبہ ناکہ بندی کرچکے ہیں۔ ڈیتھ اسکواڈز کے اہلکار اب بھی کولواہ اور آواران کے مختلف علاقوں میں عام لوگوں کو ڈرا دھمکا کر بھتہ وصول کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ بلوچ عوام کی یقین، اعتماد اور مدد پر مکمل انحصار کرتی ہے اور اس عزم کو دہراتی ہے کہ وہ ان عناصر کے خلاف اپنی پوری طاقت جھونک کر انھیں نشانہ عبرت بنائے گی۔