کرکٹ ورلڈ کپ: افغانستان ایک اور فتح کے ساتھ سیمی فائنل کے دوڑ میں شامل

175

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ کے 30ویں میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سری لنکا کا دیا گیا 242 رنز کا ہدف افغانستان نے 46ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں صفر پر رحمان اللّٰہ گرباز پویلین لوٹ گئے، انہیں دلشن مدھوشنکا نے آؤٹ کیا۔

اس کے بعد افغان بیٹرز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن بیٹرز کو بے بسی کی تصویر بنادیا۔

دوسری وکٹ پر ابراہیم زادران اور رحمت شاہ کے درمیان 78 رنز کی پارٹنر شپ بنی، تو تیسری وکٹ پر رحمت شاہ اور کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی کے درمیان 58 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔

ابراہیم زادران 39 رنز بنا کر پویلین لوٹے، انہیں بھی مدھوشنکا نے آؤٹ کیا جبکہ رحمت شاہ 62 رنز بنا کر کاسن راجیتھا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تاہم چوتھی وکٹ پر حشمت اللّٰہ شاہدی اور عظمت اللّٰہ عمر زئی کے درمیان 111 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ نے افغانستان کو ایونٹ میں تیسری فتح دلوادی۔ اس کے ساتھ ہی افغان ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگئی۔