کراچی: مہروان آرٹ اکیڈمی کا سنگھور پاڑہ میں ایگزیبیشن کا انعقاد

185

کراچی کے علاقے ٹیکری ولیج سنگھور پاڑہ ماری پور میں آرٹ ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں لیاری سے تعلق رکھنے والی ماہر فنکاروں کے تیار کردہ دیدہ زیب فن پارے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ اس ایگزیبیشن کا انعقاد مہروان آرٹ اکیڈمی لیاری نے ٹیکری ولیج کمیونٹی سینٹر(انجمن)، ماریپور کی تعاون سے کیا گیا۔

آرٹ ایگزیبیشن میں طلبہ و طالبات، ادیب، فنکار، سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ ایگزیبیشن اتوار کے روز سہہ پہر ساڑھے تین بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہا۔

جبکہ ایگزیبیشن میں لیاری سے تعلق رکھنے والے ماہر آرٹس نے شرکت کی اور اپنے تیار کردہ منفرد اور خوبصورت فن پارے نمائش کیلئے پیش کئے گئے جنہیں دیکھ کر لوگ تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے۔ آرٹ کی نمائش کا موضوع بلوچ معاشرہ اور انہیں درپیش مسائل تھے۔ فن پاروں میں کراچی کے بلوچ آبادیوں کے مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ لیاری کراچی کی قدیم آبادی ہے۔ جہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ لیاری نے بےشمار انٹرنیشنل فٹبالرز، سائیکلسٹس، باکسرز، شعرا، قلمکار، فلم میکرز اور آرٹسٹس پیدا کیئے۔