ورلڈ کپ، آسڑیلیا نے پاکستان کو باآسانی شکست دے دی

140

ورلڈ کپ کے 18ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو باآسانی 62 رنز سے شکست دے دی۔

بھارت بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 368 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 45.3 اوورز میں 305 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

امام اور عبداللہ شفیق کی 134 رنز کی شراکت داری بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکی، عبداللہ شفیق 64 اور امام الحق 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم 18 رنز پر ایڈم زمپا کو وکٹ دے بیٹھے، سعود شکیل 30 رنز پر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد کو 26 رنز پر زمبا نے نشانہ بنایا، محمد نواز 14 اور اسامہ میر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارکس اسٹونس نے دو، ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 368 رنز کا ہدف دیا۔

مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کے آغاز سے ہی پاکستانی بولرز کی جم کر دھلائی کی اور اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

مچل مارش 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گلین میکسویل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، اسٹیو اسمتھ کو 7 رنز پر اسامہ میر نے آؤٹ کیا۔

مارنوس لبوشین 8 اور مچل اسٹارک 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔