ممتاز بلوچ کو تیسری مرتبہ لاپتہ کرکے ہمیں پھر سے اذیت میں مبتلا کیا گیا ہے – بانڑی بلوچ

209

گذشتہ ایک سال سے جبری لاپتہ مشکے کے رہائشی نوجوان ممتاز بلوچ کی بھانجی بانڑی بلوچ نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپنے ماموں ممتاز بلوچ ولد محمد مراد کی بازیابی کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ میرے ماموں کو یہ تیسری مرتبہ ماورائے قانون جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا ہے، اس سے قبل انہیں دو بار حراست میں لے کر جبری لاپتہ کیا گیا۔ 2016 میں انہیں لاپتہ کیا گیا اور 7 ماہ تک تشدد کا نشانہ بناکر بھی کچھ ان پر ثابت نہیں کیا جاسکا اور انہیں چھوڑ دیا گیا، پھر انہیں 2017 میں دوبارہ اٹھایا گیا اور دو سال تک ریاستی اداروں کے حراست میں رہے لیکن ان کے خلاف کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل ہونے کی کوئی ثبوت نہیں ملی اور انہیں جنوری 2020 میں چھوڑ دیا گیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ دو بار میرے ماموں کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا تمام تر ذہنی و جسمانی اذیتوں کے باوجود ان پر کچھ ثابت نہیں کیا جاسکا اور اب انہیں تیسری بار کیوں اور کس بنیاد پر لاپتہ کیا گیا ہے؟ اور ہمیں بار بار کیوں اجتماعی اذیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ اس ناانصافی اور ظلم پر عدالتیں کیوں خاموش ہے؟ ایک معصوم شہری کو بار بار جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور خاندان کو بھی ذہنی ازیت سے بار بار گزارا جاتا ہے لیکن افسوس عدالتیں، میڈیا، انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموشی تماشائی بن کر ہماری بے بسی سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

بانڑی بلوچ نے مزید کہا ایک سال قبل 6 ستمبر 2022 کو میرے ماموں ممتاز بلوچ کو سی ٹی ڈی اور دیگر ریاستی اداروں نے خضدار سے ماورائے قانون اغواء کرکے لئے گئے اور اب تک اُس کے بارے میں ہمیں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہی کہ وہ کہاں ہے اور کس حال میں ہے۔

بانڑی بلوچ نے چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس صاحب میرے ماموں کی غیر قانونی جبری گمشدگی کا نوٹس لیں، میرا ماموں بے قصور ہے انہیں فی الفور بازیاب کرائیں اور ہمیں اس اذیت سے چھٹکارا دلائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے ماموں کی بازیابی کے لئے کل 3 اکتوبر 2023 کو بلوچ وائس فار جسٹس اور خاندان کی جانب سے ایکس پر ایک کمپین چلائی جائے گی میں تمام انسان دوست افراد سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ہماری مدد کریں اور کمپین میں حصہ لے کر میرے ماموں ممتاز بلوچ کی باحفاظت بازیابی کے آواز اُٹھائیں۔