سہیل اور فصیح کی گمشدگی کو 2 سال مکمل، عدم بازیابی کیخلاف جامعہ بلوچستان میں تین روزہ احتجاجی کیمپ قائم

111

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی جانب سے جامعہ بلوچستان میں تین روزہ کیمپ کیا گیا۔ یہ تین روزہ کیمپ جامعہ بلوچستان کے دو طالبعلموں سہیل بلوچ اور فصیح بلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف قائم گیا ہے۔

سہیل اور فصیح جو نوشکی سے تعلق رکھتے ہیں ان کو دو نومبر 2021 میں جامعہ بلوچستان کے احاطے میں سے جبراً گمشدہ کیا گیا جو تاحال لاپتہ ہیں۔

تنظیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سہیل اور فصیح گزشتہ دو سالوں سے جبری گمشدگی کا شکار ہیں، دو سال پہلے اس واقعے کے خلاف تنظیم نے دوسرے طلباء تنظیموں کے ساتھ مل کر یونیورسٹی میں ایک مہینے تک دھرنا دیا، بعد میں حکومتی مذاکراتی وفد کی یقین دہانی پر دھرنے کو موخر کیا کہ ان کو پندرہ دنوں کے اندر منظرعام پر لایا جائے گا، اس سے صاف ظاہر ہے کہ حکومت بلوچستان بلوچستان میں جبری گمشدگیوں میں نہ صرف ملوث ہے بلکہ ان کی پشت پناہی بھی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو سال گرزنے کے باوجود بھی ان کا کوئی پتہ نہیں۔ اس حوالے سے ہم نے تین روزہ احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے اور اس احتجاجی کیمپئین کو وسعت دے کر پورے بلوچستان میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کریں گے۔

سہیل بلوچ اور فصیح بلوچ جو مطالعہ پاکستان کے طالبعلم تھے ان کو جامعہ کے احاطے سے لاپتہ کیا گیا، اس واقعہ کے خلاف طلباء تنظیموں نے کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں احتجاجی مظاہرے کیے مگر ان دو طلباء کو منظرعام پر نہیں لایا گیا۔ تعلیمی اداروں میں بلوچ طالبعلموں کی پروفائلنگ و ہراسگی کرکے ان کو جبراً گمشدہ کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے بلوچ نوجوانوں میں ہمیشہ ایک خوف رہتا ہے کہ کہیں نہ کہیں وہ اس کے شکار نا ہوجائیں۔