خضدار : دماغی صحت کا عالمی دن منایا گیا

91

جھالاوان میڈیکل کالج خضدار میں دماغی صحت کا عالمی دن منایا گیا، اس دن کی مناسبت سے کالج میں ایک کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس کے مہمان خاص پرنسپل جے ایم سی ڈاکٹر عبدالصمد گچکی تھے جب کہ ماہرنفسیات ڈاکٹر سلسلہ شیرزاد و دیگر ماہرین نفسیات نے خصوصی طور پر کانفرنس میں شرکت کی تھی میڈیکل کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد سمیت پروفیسرز اور جھالاوان کالج انتظامیہ کے ارکان بھی کانفرنس میں شریک تھی۔

کانفرنس کا مقصد دماغی صحت سے متعلق شعورو آگاہی پیدا کرنا انسانی رویے میں نرمی اور جذباتیت و غصے کا خاتمہ تھا، اس مو ضوع پر ڈاکٹر سلسلہ شیرزاد اور ڈاکٹر شاہنواز زہری نے شرکاء کو تفصیل کے ساتھ لیکچرز بھی دیئے۔

کانفرنس کے موقع پر یونیورسٹی ہومن رائٹ عشرت حسین پاکستان انسٹی ٹیویٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ اور جھالاوان میڈیکل کالج خضدار کے درمیان تیس سالہ ایم او یو پر بھی سائن کیا گیا۔ اس موقع پر پی آئی ایل ایل کے پروفیسر محمد اعظم طاہر بھی موجود تھے جنہوں نے پرنسپل جے ایم سی کے ساتھ معاہدہ یاد داشت کا تبادلہ کیا ۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ڈاکٹر ولی اللہ رودینی کی تلاوت کلام پاک سے ہوئی۔ڈاکٹر حیر بیار نے نعت پڑھی۔

کانفرنس سے جھالاوان میڈیکل کالج خضدا رکے پرنسپل ڈاکٹر عبدالصمد گچکی، کنسلٹنٹ ڈاکٹر سلسلہ شیرزاد، اسسٹنٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر عبدالباری، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پاتھیالوجی ڈاکٹر امیر حمزہ، ڈاکٹر شاہنواز، ڈاکٹر لکی مراد و دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دماغی اور ذہنی صحت انسانی زندگی میں سدھار اور معاشرے میں بہتری لانے کا اہم جز ہے اگر دماغی صحت میں کچھ مسئلہ درپیش ہوجائے تو زندگی متاثر اور انسانی دماغ میں چڑچڑاپن آجاتا ہے، لکھنا پڑھنا مثبت سوچ اور تعمیراتی سوچ کا بنیادی عنصر دماغی اور ذہنی صحت سے مزین ہے یہی وجہ ہے کہ دنیاء سالانہ ون ٹریلین ڈالر دماغی صحت کے شعبے پر خرچ کرتی ہے تاکہ ذہنی نشونماء ہو اور انسان کسی بھی نفسیات اور دماغی بیماری سے محفوظ رہے۔ جس طرح ہم دوسرے امراض کا ادراک کرتے ہیں اوران کی حساسیت کو سمجھتے ہیں اسی طرح دماغی صحت کو بھی فوقیت اور اوّلین حیثیت حاصل ہے جب انسانی میموری خراب ہوگی تو اس سے نظام زندگی مفلوج اور ایک انسان دماغی طور پر اپاہج ہو کر رہ جائیگا جو ایک خاندان و پورے معاشرے پر بوجھ بن جائیگا۔

“پاکستان سمیت پوری دنیاء میں دماغی صحت کے لئے کام کیا جارہاہے 10 اکتوبرکواس کا عالمی دن منایا جاتاہے آج جھالاوان میڈیکل کالج خضدار میں دماغی صحت سے متعلق جو کانفرنس منعقد کی گئی ہے اس کا مقصد بھی یہی ہے کہ انسانوں میں شعورو آگاہی بیدار کرنا اور انہیں دماغی صحت کی اہمیت اور اس کے علاج سے متعلق آگاہی دینا ہے جس کے لئے آج یہاں ماہرین جمع ہیں۔”

مقررین کا کہنا تھاکہ پچھلے سال کے اعداد شمار کے مطابق پوری دنیاء میں 45کروڑ افراد کسی نہ کسی طرح دماغی عارضے میں مبتلا ہیں جس میں سب سے زیادہ پائی جانے والی دماغی بیماریاں ڈیپریشن اور شیزو فرینیا ہیں اور 15کروڑ 40لاکھ سے زائد افراد ڈیپریشن کا شکار ہیں اس لیئے ضروری ہے کہ دماغی صحت کی طرف زیادہ توجہ دینے اور ذہنی تناؤ کو کم کرنے اور اس کے علاج کی جانب زیادہ راغب ہونے کی ضرورت ہے۔

کانفرنس سے جھالاوان میڈیکل کالج خضدار کے پرنسپل ڈاکٹر عبدالصمد گچکی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم نیورسٹی ہومن رائٹ عشرت حسین پاکستان انسٹی ٹیویٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے ساتھ جو معاہدے پر دستخط کرنے جارہے ہیں وہ تیس سال کے لئے ہے۔اور یہ خوشی کی بات ہے کہ جھالاوان میڈیکل کالج خضدار نئے سے نئے پروگرام تشکیل دینے کی جانب بڑھ رہی ہے جس میں میرے ساتھ جے ایم سی کی پوری ٹیم کی کاوشیں اور اشتراک شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ جھالاوان میں ذہنی ڈپریشن اور ذہنی تناؤ کے حوالے سے امراض ہیں اس کا تناسب زیادہ ہے اس پر ہم کام کریں گے اور ذہنی صحت کے حوالے سے جو شعورو آگاہی ہے جے ایم سی اس پر کام کریگا اس معاملے پر میں اپنی پوری ٹیم کو اختیار دیتا ہوں کہ و ہ اس شعبے پر کام کریں۔ کانفرنس کے آخر میں مہمانوں میں شیلڈ تقسیم کیا گیا اور پروفیسرز کو سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔